ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / قحط سالی سے نمٹنے میں ناکام افسروں کے خلاف سخت کارروائی

قحط سالی سے نمٹنے میں ناکام افسروں کے خلاف سخت کارروائی

Mon, 06 Mar 2017 11:32:36    S.O. News Service

ہاسن:5 ؍مارچ(ایس اونیوز) ضلع میں پڑی شدید قحط سالی کی وجہ سے حالات سنگین ہوسکتے ہیں، دستیاب فنڈ کا صحیح استعمال کرکے ضلع کے مختلف دیہاتوں میں پینے کے پانی کی سربراہی کے لئے افسروں کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے، یہ بات ریاستی وزیر برائے مویشی پالن وریشم اے منجو نے کہی، انہوں نے یہاں ضلع پنچایت کے ہویسلا میٹنگ ہال میں گزشتہ روز منعقدہ سہ ماہی کے ڈی پی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں پینے کے پانی کی سربراہی کے لئے فنڈ کی کوئی کمی نہیں ہے، اس فنڈ کا صحیح استعمال کرتے ہوئے افسر بغیر کوئی لاپروائی کے ضروری اقدامات کریں، اس معاملے مں لاپروائی برتی گئی توایسے افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، وزیر موصوف نے کہا کہ کسی بھی دیہات میں پانی کی قلت پیش نہ آئے اس طرح کے اقدامات کئے جائیں، کسی بھی وسائل سے پانی کی فراہمی کو ممکن بنائیں اور 90 دن کے بعد ٹینکروں کے ذریعہ پانی کی سربراہی کئے جارہے دیہاتوں کا خود افسران دورہ کرکے مقامی آڈیٹر کے ذریعہ آڈٹ کرائیں، اور ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے بل کی ادائیگی کے لئے اقدامات کریں، انہوں نے مزید کہا کہ 14 ویں فائنانس منصوبے اور آئی ایم ایس میں بہت ساری رقم دستیاب ہے، اس رقم کا استعمال کرکے تیزی کے ساتھ تعمیری کام آگے بڑھائے جائیں، درج فہرست ذات اور قبائلوں کے لئے سہولتیں فراہم کرنے والے فنڈ کا صحیح استعمال نہیں کیا گیا تو متعلقہ افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی کے ایم شیوگوڈا نے ارسیکرہ تعلقہ کے قحط زدہ علاقوں کے مسائل کے بارے میں تفصیلات بتائے تو اس پر وزیر موصوف نے کہا کہ اس بارے میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے بعد ارسکیرہ تعلقہ کو چارہ کے لئے افزود فنڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کریں گے، رکن اسمبلی ایچ ایس پرکاش نے کہا کہ بورویل کی کھدائی کے لئے اس سے قبل 30 تا40 ہزار روپئے خرچ ہواکرتے تھے، مگر اب800 فیٹ گہرائی تک کھدائی کئے جانے کے باوجود پانی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے بورویلوں کی کھدائی کا خرچ دگنا ہوگیا ہے، اس لئے رکن اسمبلی ایچ کے کمار سوامی اور سی این بال کرشنا نے اپنے حلقوں میں جاری قحط سالی پینے کے پانی کی قلت کا مسئلہ سمیت دیگر مسائل اجلاس کے سامنے پیش کئے، اور افزود فنڈ کی فراہمی کا مطالبہ کیا، اس اجلاس میں ضلع پنچایت صدر شیوتا دیوراج، ڈپٹی کمشنر وی چائترا، نائب صدر سرینواس، ضلع پنچایت سی ای او آر وینکٹیش کمار اور دیگر موجودتھے۔


Share: